| سلی گوڑی میں پرامن اور منصفانہ ووٹنگ کے لئے ٹھوس تیاریاں |
سلی گوڑی میں پرامن اور منصفانہ ووٹنگ کے لئے ٹھوس تیاریاں
نیوزٹوڈے اردو:سلی گوڑی میونسپل کارپوریشن انتخابات میں چند دن باقی ہیں۔ ووٹنگ 22 جنوری کو ہوگی۔ اس دوران سلی گوڑی شہرمیں پرامن اور منصفانہ پولنگ کے لئے انتظامیہ کی جانب سے ہر قسم کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں جن میں سی سی ٹی وی کیمرے، پولس فورس، حساس پولنگ مراکز کی نشاندہی ، ویڈیو گرافی، گڑبڑ کرنے والے افراد کی شناخت اور ایسی تمام تیاریاں شامل ہیںتاکہ انتخابات پرامن اور منصفانہ کرائے جائیں۔
اس بار سلی گوڑی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے والے ووٹروں کی تعداد چار لاکھ، 2 ہزار 898 ہے، جن میں سے کل مرد ووٹروں کی تعداد دو لاکھ، تین ہزار 980 ہے۔ خواتین ووٹروں کی تعداد 1 لاکھ 98 ہزار 899 ہے جب کہ تیسری صنف کی تعداد 18 ہے۔ الیکشن کمیشن اور انتظامیہ کی جانب سے کل 502 پولنگ مراکز تیار کئے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 82 اضافی پولنگ مراکز بھی تیارکئے جا رہے ہیں۔
سلی گوڑی کالج کو ڈی سی آر سی سنٹر کے طور پر تیار کرنے کا کام شروع ہو گیا ہے۔الیکشن کمیشن حساس پولنگ مراکز کی نشاندہی کرتا ہے تاکہ کسی بھی سرکاری یونٹ کا انتخاب پرامن، منصفانہ اور ووٹرز کے مطابق ہو سکے۔ حساس پولنگ اسٹیشن پر سیکیورٹی اور امن برقرار رکھنے کے لئے دیگر عام پولنگ اسٹیشن کی بجائے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس بار مقامی انتظامیہ نے 89 پولنگ اسٹیشن کو حساس قرار دیا ہے۔ ان میں سے وارڈ نمبر 1، 2،17، 22،25، 45 میں 22 حساس پولنگ اسٹیشن بنائے جا رہے ہیں۔ جبکہ وارڈ نمبر چار اور پانچ میں حساس پولنگ اسٹیشن کی کل تعداد آٹھ ہے۔ وارڈ نمبر 9 اور 26 میں 6 حساس پولنگ اسٹیشن ہیں۔ جبکہ وارڈ نمبر 6، 10، 13، 19، 20، 21، 31، 32، 33 میں ہر پولنگ اسٹیشن کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ وارڈ نمبر 7 اور وارڈ نمبر 8 میں 5 حساس پولنگ اسٹیشن بنائے جا رہے ہیں۔ جبکہ وارڈ نمبر 45 میں 14 پولنگ سٹیشن ہیں جہاں پر پولس فورس کی خصوصی نگرانی ہو گی۔
سلی گوڑی میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 40 اور 44 میں چار حساس پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ اگر ہم علاقوں کی بات کریں تو سنتوشی نگر، نوتن پاڑہ، وارڈ نمبر 5، کھال پاڑہ ، جیوتی نگر، ثمر نگر، چمپاساری، باگھاجتن کالونی، ڈانگی پاڑہ، ٹمل پاڑہ، ملن پلی، دیش بندھو پاڑہ، بابو پاڑہ اور ٹکیہ کے علاوہ۔ حساس علاقوں سے کالج پاڑہ، رابندر نگر، رتھ کھولا وغیرہ کے کچھ علاقوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ یہاں پولنگ اسٹیشنوں پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات ہوں گے۔پرامن اور منصفانہ انتخابات کے لئے پولس نے ایسے لوگوں کو گرفتار کرنا شروع کر دیا ہے جو پرامن ووٹنگ میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔ اب تک 32 افراد کی شناخت ہو چکی ہے۔ سلی گوڑی کے چیف الیکٹورل افسر اور ایس ڈی او سرینواس وینکٹ راو¿ پاٹل سے اطلاع ملی ہے کہ پولس انتظامیہ کومیونسپل کارپوریشن انتخابات کو پرامن اور منصفانہ بنانے کے لئے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں